متعدد ممالک

متعدد ممالک کا ون چائنا کے اصول پر عمل پیرا ہونے کا اعادہ

اقوام متحدہ (عکس آن لائن) متعدد ممالک کی حکومتوں اور اعلی سرکاری اہلکاروں نے ایک چین کے اصول پر عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تائیوان، چین کا اٹوٹ حصہ ہے اور “تائیوان کی علیحدگی ” اور بیرونی طاقتوں کی طرف سے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کی جانی چاہیے۔

جمعہ کے روز ایک صحافی کے سوال کے جواب میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے تائیوان کے معاملے پر روس کے موقف کا اعادہ کرتےہوئے کہا کہ “روس ۔ایک چین کے اصول پر عمل پیرا ہے، تائیوان کو عوامی جمہوریہ چین کا اٹوٹ حصہ تسلیم کرتا ہے، ‘تائیوان علیحدگی ‘ کی کسی بھی قسم کی مخالفت کرتا ہے نیز قومی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کے تحفظ اور قومی اتحاد کے حصول کے لیے چین کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

حال ہی میں وینزویلا نے ایک حکومتی اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں ون چائنا اصول کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تسلیم کیا گیا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت پورے چین کی نمائندگی کرنے والی واحد قانونی حکومت ہے اور تائیوان چین کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ اعلامیے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ 20 مئی کو تائیوان کے رہنما لائی چھنگ ڈے کی تقریر میں “تائیوان کی علیحدگی” کے موقف” نے چین کے اتحاد اور علاقائی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔