وزیر اعظم

متاثرین سیلاب میں 66ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں، 70ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے ہیں،وزیراعظم

لاہور(نمائندہ عکس)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب میں 66ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں، 70ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے ہیں، متاثرین سیلاب کی مدد میں کوئی سیاست نہیں کی جا رہی ہے، بلا امتیاز مدد کر رہے ہیں، ہمیں سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے، جمعرات کو اسلام آباد میں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کے اجلاس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے متاثرین میں رقوم تقسیم کی ہیں،

انہوں نے کہاکہ سیلاب میں 1700سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، زخمیوں کی بھی مالی امداد کی جا رہی ہے، متاثرین سیلاب میں 66ارب روپے تقسیم ہو چکے ہیں، سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس دیے جا رہے ہیں، یہ رقم تمام متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جا رہی ہے،وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک سے آنے والی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی گئی، 70ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے ہیں، متاثرین سیلاب کو ضرورت کی تمام اشیا فراہم کی گئیں، ان میں شفاف انداز سے رقوم اور امداد تقسیم کی گئی،انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد خدشہ ہے کہ گندم کی پیداوار طلب سے کم ہو سکتی ہے، گندم کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اچھی کوالٹی کا بیج پروکیور کر رہا ہے، آئندہ فصل کے لیے کسانوں کو اعلی معیار کا بیج دیا جائے گا، خیبر پختون خوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے،وزیراعظم نے کہا کہ ابھی بھی متاثرہ علاقوں میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے، جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں