موسمی بیماریوں

ماہرین لائیو سٹاک کی مرغیوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے شیڈز کی صفائی کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن )ماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے موسم گرماکے دوران مرغیوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے شیڈز کی صفائی ، پانی کے سپرے ، ایئر کولرزکی تنصیب کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ مرغی پال حضرات شدید گرمی کے باعث فوری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ مرغیوں کو ہرقسم کی بیماریوں اور موسمی اثرات سے بچانا ممکن ہو سکے۔

محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ موسم گرما کی شدت کے باعث مرغیوں میں رانی کھیت اور سانس کی بیماری پیداہونے کا شدید خدشہ ہوتاہے ۔انہوں نے بتایاکہ اگر شیڈز میں موجودمرغیاں سست، نڈھال ہونے کے ساتھ ساتھ خوراک کم کھائیں اور ان کی چونچ ، ناک ، آنکھ سے لیس دار مادے کا اخراج محسوس ہو تو یہ رانی کھیت کی بیماری کی علامات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر مرغیاں سبزی مائل پیچش کے علاوہ انڈوں کی پیداوار میں کمی کریں تو یہ سانس کی بیماری کی علامات کاحصہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پولٹری فارمرز فوری طور پر شیڈز کی صفائی یقینی بنائیں اور شیڈز میں پانی کے سپرے کے علاوہ پنکھے اور ایئرکولر بھی نصب کریں تاکہ ٹھنڈے ماحول اور صفائی کے باعث مرغیوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں