اسلام آباد (عکس آن لائن)اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے زیر حراست اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے معاملے پر اپوزیشن اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے بعد اپوزیشن کی جماعتوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر مشاورت شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے 4 فروری کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں غور بھی کیا جائیگا ،
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے زیرحراست اراکین کے پروڈکشن آرڈرز کا معاملے پر اپوزیشن اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں ڈیڈ لاک برقرار ہے ،سپیکر قومی اسمبلی نے درخواست کے بغیر شہباز شریف،خواجہ آصف اور خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں نے تینوں اراکین کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست سے انکارکر دیا ہے اور کہا ہے کہ بغیر درخواست آج تک کسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے،
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے سپیکر کے جانبدار رویے کا معاملہ پی ڈی ایم سربراہ اجلاس میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور سپیکر کے روپے کے خلاف ن لیگ نے قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کی بھی تجویز دی ہے جس کی پیپلز پارٹی نے حمایت نہیں کی ،ذرائع نے بتایا کہ کل جمعرات کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں معاملے کو اٹھایا جائیگا اور اس حوالے سے تمام جماعتوں کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جائیگا