مسرت چیمہ

لوٹ مار ایسوسی ایشن نے احتساب کے نظام کا دھوم دھام سے جنازہ نکالا ‘ مسرت چیمہ

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ ٹولہ جس مشن پر اقتدار میں آیا تھا وہ اس نے احتساب کے نظام میں من پسند ترامیم کر کے پورا کر لیا ہے ، آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے احتساب کے نظام کا دھوم دھام سے جنازہ نکالا ہے ،احتساب عدالتوں نے 50سے زائد کرپشن کے ریفرنسز نیب کو واپس بھجوا دئیے ہیں اور اس کی رپورٹ دینے شہباز شریف لندن روانہ ہوئے ہیں۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے وفاق میں بیٹھی حکومت کی نام نہاد تجربہ کاری کو کوس رہے ہیں لیکن بے حس حکمران پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔ آج پاکستان بد ترین حالات سے دوچار ہے اور کروڑوں لوگوں کے ملک کا مستقبل دائو پر لگا ہوا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی والوں نے نہ صرف ماضی میں اقتدار کے دوران ملکی خزانے میں نقب لگائی بلکہ اب بھی باز نہیں آئے ،نیب قانون میں من مرضی کی ترامیم کرا کے آزاد ی سے گھوم رہے ہیں ، عدالتیں ترامیم کی وجہ سے یفرنسز واپس نیب کو بھجوا رہی ہیں ،ایسے میں ملک میں احتساب کے نظام کا کیا مستقبل ہے ؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں