لاہور (عکس آن لائن)لاہور کے بڑے اور قدیمی میو ہسپتال میں ادویات کے بعد ٹیسٹ کٹس بھی ختم ہوگئیں، ہسپتال کی لیبارٹری کے مطابق کٹس نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا ٹیسٹ نہیں ہوسکے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کا میو ہسپتال ٹیسٹ کٹس کی قلت کے باعث بحران کا شکار ہوگیا۔
میو ہسپتال میں اسٹنٹ، ادویات اور ایکسرے فلموں کے بعد ٹیسٹ کٹس بھی ختم ہوگئیں۔ کنگ ایڈورڈ اور میو اسپتال کی لیبارٹری نے ایک ماہ سے کٹس نہ ملنے پر انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پیشاب، مثانہ، کولیسٹرول، ٹوٹل پروٹین اور دیگر ٹیسٹ کٹس ختم ہونے کے بعد اب ہسپتال میں ٹیسٹ نہیں ہو سکیں گے۔
اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ ہسپتالوں میں مختلف اشیا کی قلت کا علم ہے۔ مالی سال کا آخری ماہ ہونے کے باعث کچھ مسائل آ رہے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ جلد تمام ہسپتالوں میں جاری ادویات اور مختلف اشیا کی قلت دور ہو جائے گی۔