سندھ ہائی کورٹ

لاپتہ افراد کی بازیابی کیس : سیکریٹری داخلہ سندھ ہائی کورٹ طلب

کراچی(عکس آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کے معاملے پر سیکریٹری داخلہ کو طلب کرلیاہے۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم کے باوجود جے آئی ٹی مرتب نہ کرنے پرعدالت نے محکمہ داخلہ اور پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے سیکریٹری داخلہ کو طلب کرلیا۔جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر ہر ماہ جے آئی ٹی مرتب کرنے کا حکم دیا تھا، متعلقہ حکام نے عدالتی حکم عدولی کی۔ تفتیشی افسر حراستی مراکز سے اب تک رپورٹس بھی حاصل نہیں کرسکا۔ ایسی صورتحال میں پولیس بندہ کیسے بازیاب کرائے گی؟ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے لیے کیا کوشش کی ہے؟

تفتیشی افسر نے بتایا کہ حراستی مراکز سے رپورٹس حاصل کرنے کے لیے خطوط لکھے ہیں۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ جب کچھ کر ہی نہیں سکتے تو ہم چیف سیکریٹری کو بلالیتے ہیں۔عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے سے رپورٹ اور آئی جی سندھ سے وضاحت طلب کرلی۔عدالت نے حکم دیا کہ بتایا جائے لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟ پولیس اور متعلقہ ادارے لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں