لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر واضح ہو گیا ہے کہ وہ کسی طور پر بھی وزیر اعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لئے ایک دوسرے سے سیاسی تقویت لینا چاہتے ہیں ،پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کی تاریخیں تو دیدی ہیں لیکن حقیقت میں فیس سیونگ کی تلاش میں ہیں ،
لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کے خواب دیکھنے والے ماضی کی پے درپے ناکامیوں سے سبق سیکھیں کیونکہ یہ آئندہ بھی ناکام اورنا مرادہی رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) والے ایک لمحے ایک دوسرے کو طعنے دیتے ہیں اور دوسرے ہی لمحے وزیر اعظم عمران خان کے خوف سے بغلگیر بھی ہو جاتے ہیں ، دونوں جماعتیں اب تاریک راہوں کی مسافر ہیں اس لئے انہیں اپنی توانائیاں ضائع نہیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا معیشت کی بد حالی کا رونارونا الٹا چور کوتوا ل کو ڈانٹے کے مصداق ہے ،انہیں عالمی اداروں کی رپورٹس کیوں نظر نہیں آتیں جس میں برملاکہا گیا کہ سابقہ حکومتوںکی غلط پالیسیوں نے ملک کی بنیادیں تک ہلا دیں او رموجودہ حکومت اپنی سیاست بچانے کی بجائے معیشت کی ترقی کیلئے غیر معمولی فیصلے کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت تو دعوتیں اڑا رہی ہے لیکن دونوں جماعتوںکے کارکن تذبذب کا شکار ہیں اور آنے والے وقت میںاس کا بڑا شدید رد عمل آئے گا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیںمنتشر اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ،تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں زیادہ اکثریت سے دوبارہ حکومت میں آئیں گے ۔