عطا اللہ تارڑ

قیدی کی کوئی مرضی نہیں ہوتی ،پولیس کو تحریک انصاف کا ونگ بنا دیا گیا ‘ عطا اللہ تارڑ

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کسی قیدی کی کوئی مرضی نہیں ہوتی کہ وہ عدالت میں پیش ہونے سے انکار کرے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے قیدی کو 16 ماہ تک گاڑی میں لایا جاتا رہا پھر ایک شخص نے منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکی دی اور حمزہ شہباز کیلئے ٹوٹی پھوٹی گاڑی لائی گئی اوریہ گاڑی خود سکیورٹی رسک ہے ،عمران خان آپ بزدل اور ڈرپوک ہیں، آپ نے ایک دن جیل نہیں کاٹی اتنا ظلم کریں جتنا کل کو برداشت کر سکیں ،کل کو آپ کے کرائے کے ترجمان آپ کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے ۔

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کے وزیر اس کیخلاف سازش کر رہے ہیں ،ایک وفاقی وزیر کے جتنے لمبے بال ہیں اس کی اتنی ہی لمبی زبان ہے ،ہم نہیں چاہتے کہ کسی کی ماں بہن کے بارے میں بات کی جائے ،اس وزیر کو لگام نہ ڈالی گئی تو ہم اس کی زبان کو لگام ڈالیں گے اورنتائج کے ذمہ دار عمران خان آپ ہوں گے ،مجھ سمیت دیگر لیگی رہنمائوں پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ،عمران خان نے حافظ آباد میں جلسہ کیا تو وہاں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی ،ہم حافظ آباد میں عمران خان کیخلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کرینگے ،اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو ہم لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرینگے ۔

ا نہوں نے کہا کہ پولیس کو تحریک انصاف کا ونگ بنا دیا گیا ہے ،پولیس جرائم روکنے میں ناکام لیکن سیاسی شخصیات کو گرفتار کرنے میں تیز ہے، عمران خان کے حکم پر شہباز شریف کے ضروری طبی ٹیسٹ نہیں کروائے جا رہے ،باجی بدزبان سمیت باقی کرائے کے ترجمان سن لیں کہ ہماری تحریک آگے جاچکے ہے ہم پروڈکشن آرڈر سمیت کوئی اپیل نہیں کرینگے ،آپ کے دن گنے جا چکے ہیں، لیکن آپ گھر نہیں بلکہ جیل جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فوری فیصلہ کیا جائے ،عثمان بزدار کو لوگ بھول چکے ہیں، جب وہ مشکل میں ہوتے ہیں تو ان 5 اراکین کو بلا لیا جاتا ہے جنہیں ہم پارٹی سے نکال چکے ہیں ،ان کیخلاف مزید کارروائی کے لئے ہم حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں