مریم اورنگزیب

قوم کی دعاوں کے سائے میں قائد محمد نوازشریف علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوئے ،ترجمان مریم اورنگزیب

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کی دعاوں کے سائے میں قائد محمد نوازشریف علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوئے ،محمد نوازشریف کو ان کی والدہ اور مریم نواز نے دعاوں میں گھر سے الوداع کیا،دعاوں، محبتوں اور محمد نوازشریف کی صحت کیلئے فکر مندی پر قوم اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انشاء اللہ بائیس کروڑ عوام کی دعا سے قائد محمد نوازشریف صحت مند ہوکر جلد واپس لوٹیں گے ۔

منگل کو مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق بیان میں کہاکہ قوم کی دعاوں کے سائے میں قائد محمد نوازشریف علاج کے لئے بیرون ملک روانہ ہو گئے ،محمد نوازشریف کو ان کی والدہ اور مریم نواز نے دعاوں میں گھر سے الوداع کیا ۔انھوں نے کہاکہ ائیر ایمبولنس میں سوار ہونے سے قبل ڈاکٹرز نے ایک مرتبہ پھر محمد نوازشریف کا معائینہ کیا اور طبی علامات دیکھیں،قائد محمد نوازشریف کے ہمراہ شہبازشریف اور ڈاکٹرعدنان بھی ہیں۔انھوں نے کہاکہ ائیر ایمبولنس میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات موجود ہیں۔ائیر ایمبولنس اپنے سفر کے دوران قطر میں ری فیولنگ اور طبی عملے کی تبدیلی کے لئے رکے گی ۔

انھوں نے کہاکہ قطر میں مختصر قیام کے دوران محمد نواز شریف کا دوبارہ طبی معائنہ بھی ہوگا ،دعاوں، محبتوں اور محمد نوازشریف کی صحت کے لئے فکر مندی پر قوم اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے محمد نوازشریف سے محبت کرنے والے کروڑوں عوام کو ان کی صحت سے مسلسل آگاہ رکھا ،انشائ اللہ بائیس کروڑ عوام کی دعا سے قائد محمد نوازشریف صحت مند ہوکر جلد واپس لوٹیں گے ،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنے والے ذہنی بیماروں پر بھی اپنا خصوصی رحم فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں