اسلام آباد( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ نہیں ڈالے گی اورامید ہے کہ اپوزیشن بھی امن و امان کی صورتحال پیدا نہیں کرے گی ،پی ڈی ایم کی تحریک عروج حاصل کرنے سے پہلے ہی زوال کی پستیوں کی انتہا تک پہنچ گئی ہے ،حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کیلئے کام کررہی ہے اوراس سے پاکستان کا مستقبل جڑاہواہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنی رہائشگاہ پر حلقہ این اے 131کے اکابرین اوروسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیںاس لئے ان کی توجہ صرف منفی پراپیگنڈا اور آئینی اداروں کے سامنے احتجاج کی منصوبہ بندی کرنے تک محدود ہے ۔ حکومت اپوزیشن کے سیاسی اورآئینی حق میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی لیکن عوام کے جان ومال اور قومی تنصیبات کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے جس میں غفلت اور کوتاہی نہیں برتی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ 31جنوری بھی گزرجائے گی اور اپوزیشن کی کشمکش جاری رہے گی اور ایسے ہی 2023آ جائے گا۔ اپوزیشن کو تجویز ہے کہ اپنی رہی سہی ساکھ کو بچانے کے لئے مثبت کردارادا کرے جس کا خیر مقد م کیا جائے گا ۔ ہمایوں اختر خا ن نے کہا کہ قوم 2000میں براڈ شیٹ سے ہونے والے معاہدے اوراس کے بعدہونے والے معاملات کے حقائق جاننا چاہتی ہے جس سے پردہ پوشی نہیں کی جائے گی ، حکومت اس حوالے سے تمام حقائق کاجائزہ لے رہی ہے اوراس سے قوم کوباخبر رکھاجائے گا۔