انوار الحق کاکڑ

قومی کھیل ہاکی کی پاکستان میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کی پاکستان میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے،پاکستان میں ہاکی کو ایک مرتبہ پھر سے اسکا کھویا ہوا مقام دلوا کر رہیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے ہاکی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان پاکستان ہاکی ٹیم اصلاح الدین صدیقی نے ملاقات کی جس میں اصلاح الدین صدیقی نے وزیرِ اعظم کو اپنی سوانح عمری، ڈیش تھرو مائی لائف (Dash Through My Life) پیش کی۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم اور اصلاح الدین صدیقی کے درمیان پاکستان میں ہاکی کی موجودہ صوتحال، اس کی بحالی اور فروغ کے اقدامات پر گفتگو کی گئی ۔ہاکی لیجینڈ اصلاح الدین صدیقی نے گزشتہ شب ہاکی چیمپیئن شپ کے اختتامی میچ میں وزیرِ اعظم کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اصلاح الدین صدیقی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر وزیرِ اعظم کی خصوصی تعریف کی۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی ہاکی ٹیم نے کئی دہائیوں تک ہاکی کے میدانوں میں ملک و قوم کا نام روشن کیا، قومی کھیل ہاکی کی پاکستان میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں ہاکی کو ایک مرتبہ پھر سے اسکا کھویا ہوا مقام دلوا کر رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اصلاح الدین صدیقی جیسے لیجنڈ پاکستان کے اصل ہیروز ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت نوجوانوں میں ہاکی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوںنے ہدایت کی کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کیلئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں