شیخ رشیداحمد

قومی اسمبلی میں عوام کی امنگوں، ووٹ کے حق کا خون ہو رہا ہے،شیخ رشیداحمد

مدینہ منورہ(عکس آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کو ڈبیٹنگ کلب بنا دیا گیا ہے جہاں عوام کی خواہشوں اور ان کے ووٹ کے حق کا خون ہو رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن کو 21 ارب نہیں ملے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی گئی ہے، آئین اور قانون کو نہ تھاما گیا تو یہ نہ ہو سب ہاتھ ملتے رہ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سارے ہتھکنڈے چوروں کے ٹولے کو عوام پر مسلط رکھنے کیلئے کیے جا رہے ہیں، عوام کی امنگوں کو کچلا جا رہا ہے، الیکشن روکنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھاگنے کیلئے 10 روز میں کابینہ کے ریکارڈ 10 اجلاس ہوئے ہیں۔شیخ رشید نے کہاکہ جو آئین کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلے گا اس کا انجام برا ہوگا، عوام ووٹ کے ذریعے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، آج ان شائ اللہ اپنے وطن واپس آجاؤں گا۔ خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں