قصور

قصور:ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل کے زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

قصور(نمائندہ عکس آن لائن)ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گُل کے زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر رابعہ ریاست، اے سی قصور اورنگزیب سدھو، اے سی چونیاں رضوان الحق، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز،ویٹس اینڈ میئرز /پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تنویر احمد اور دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول،اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی مانیٹرنگ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اور دیگر معاملات کا تفصیلاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ
یکم اپریل سے لیکر ابتک 38پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 7354دوکانوں کو چیک کیا۔ 505دوکانداروں کو خلاف ورزی کرنے پر موقع پر 6لاکھ 34ہزار200روپے جرمانہ جبکہ 80دوکانداروں کیخلاف آئی آرز درج کروائی گئیں۔ضلع میں چینی کی فروخت 85روپے فی کلو،آٹا20کلو 860روپے یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس انسپیکشن کے عمل کو مزید تیز کریں اور روزانہ کی بنیاد پر عام مارکیٹس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کے عمل کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کے خلاف بھاری جرمانوں کیساتھ مقدمات درج کروائے جائیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ماہ مقدس میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لئے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں