اشرف بھٹی

قرضوں سے نجات اور معیشت کی ترقی کیلئے متفقہ قومی پالیسی نا گزیر ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ عکس)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بیرونی قرضوں سے چھٹکارا اور اپنے وسائل میں اضافہ نا گزیر ہے ،فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے ، جس طرح فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اتحاد دکھایا گیا قومی معیشت کی ترقی کے لئے بھی یہی فارمولہ اپنایا جائے۔

اپنے دفتر میںتاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر برادری کاملکی معیشت میں اہم کردار ہے لیکن بد قسمتی سے اسے نظر انداز کیا جاتا ہے ۔تاجر تنظیموں کو اعتما دمیں لئے بغیر پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں جس پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا ہوگا اور اس کیلئے حکومت کو مشاورت کا عمل شروع کرنا چاہیے ۔جائز کاروبار کرنے والے تاجر نا مساعد حالات کے باوجود حکومت سے ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ بیرونی قرضوں کا اژدھا ہماری معیشت کو نگل رہا ہے اور اس سے ہماری قومی سلامتی کو بھی خطرات لا حق ہیں ۔ قرضوں سے نجات اور معیشت کی ترقی کے لئے متفقہ قومی پالیسی نا گزیر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں