چوہدری محمد سرور

فیڈمک کا لندن روڈ شو ملٹی نیشنل کمپنیوں ، سرمایہ کاروں کےساتھ روابط کو مستحکم ہوں گے‘ چوہدر ی سرور

لاہور(عکس آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا لندن میں روڈ شو بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب اور ملٹی نیشنل کمپنیوں و سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

فیڈمک سے جاری بیان کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے یہ بات فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی طرف سے مانچسٹر میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک سی پیک کے تحت اپنے پہلے ترجیحی خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اب پاکستان پر اعتماد کرتی ہے کیونکہ وہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان میں اب عمران خان کی سربراہی میں دیانتدار قیادت کی حکومت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات ہیں اور برطانوی حکومت نے ہمیشہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری بھی برطانیہ کے ترقیاتی شعبے میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور پاکستان بھی برطانیہ سے مزید سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان بہت سے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں 100 ملین نوجوانوں کی سستی ورک فورس دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپ میں مقیم ساڑھے تین ملین سے زیادہ پاکستانی سالانہ 12 ارب ڈالر ترسیلات بھیج رہے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں مقیم 8.5 ملین سے زائد اوورسیز پاکستانی سالانہ 20 ارب ڈالر کی ترسیلات ملک کو بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ غیر ملکی ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ پی ٹی آئی حکومت کی حکمت عملی اور بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے پاکستان ہائی کمشن لندن میں کل منعقد ہونے والے فیڈمک روڈ شو کے حوالے سے بتایا کہ مثبت معاشی اشاریوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ترین سطح پر ہے اور ترسیلات زر بڑھ رہی ہیں۔ جب پی ٹی آئی کی حکومت برسر اقتدار آئی تو بدعنوانی ، منی لانڈرنگ اور سابقہ حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت بحران کا شکار تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک اور بریگزٹ دو اہم پیشرفت ہیں، عالمی اقتصادی رجحان ایشیا کی طرف منتقل ہو رہا ہے اور پاکستان میں نئے کاروباری مواقع پیدا ہو رہے ہیں جن سے دونوں ممالک کے عوام فائدہ پہنچے گا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چین اور نیدرلینڈز کے بعد برطانیہ پاکستان میں تیسرا سب سے بڑا سرمایہ کار ہے اور پاکستان میں اس کی سرمایہ کاری براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا 8 فیصد ہے۔ امریکہ کے بعد برطانیہ پاکستان کی دوسری بڑی اور یورپ کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور اس نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ برطانیہ اور پاکستان کے مابین سالانہ دوطرفہ تجارت گذشتہ سال کے دوران 2.9 بلین تک پہنچ چکی ہے اور اس میں 10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ پاکستان برطانیہ کو سالانہ 1.8 بلین ڈالر کا سامان اور خدمات برآمد کررہا ہے۔

چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ یورپی ممالک پاکستان کے مختلف اقتصادی شعبوں خصوصاً علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں جہاں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات کے بہترین اور بے مثال پیکیج کے ساتھ 10 سال کے لئے ٹیکسوں سے چھوٹ حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامع اور موثر حکمت عملی کے ساتھ فیڈمک کے انڈسٹریل اسٹیٹس جیسے منصوبے مختصر مدت میں ملکی برآمدات میں 1 سے 1.5 ارب ڈالر سالانہ اضافہ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں