اسلام آباد (عکس آن لائن)دوہری شہریت چھپانے پر فیصل واڈا کے خلاف نااہلی کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا،رجسٹرار ہائی کورٹ نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل پیر کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویڑن بینچ سماعت کرے گا
گزشتہ ہفتے دو دن کیس سماعت کے لیے مقرر ہوا تھا تاہم بنچ کی عدم دستیابی پر سماعت نا ہو سکی تھی،شہری میاں فیصل نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جس میں کہا گیا کہ فیصل واوڈا الیکشن 2018 میں نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے دوہری شہریت رکھتے تھے، لیکن انہوں نے فارم جمع کراتے ہوئے جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا کہ دوہری شہریت چھوڑ دی ہے۔
سنگل بنچ کے فیصلے میں تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ نہیں لیا گیا، اس کا فیصلہ کالعدم کرکے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت چھپانے اور جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر نااہل کیا جائے۔