فیصل واڈا

فیصل واڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست، سندھ ہائی کورٹ نے جامع جواب طلب کرلیا

کراچی(عکس آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے فیصل واڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیاہے۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فیصل واڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معیز احمد اور نمائندہ الیکشن کمیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ لائیں، کہاں ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ؟ شکایت کنندگان کی جانب سے وکلا کون ہیں؟ فیصل واڈا کے وکیل معیز احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ پیش کردیا۔عدالت نے کہا کہ یہ بتائیں، جھوٹا حلف نامہ یا حقائق چھپانے پر قانون کیا کہتا ہے۔ نمائندہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے فیصل واڈا سے بہت سادہ سے سوال کیے، مگر فیصل واڈا نے سوالات کے جوابات نہیں دے سکے۔فیصل واڈا کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن میرے مکل سے سوال نہیں کرسکتا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے فیصل واڈا کو کتنی بار بلایا؟ نمائندہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کئی بار طلب کیا، آخری بار50ہزار کا جرمانہ بھی کیا۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ، آپ اپنا دہری شہریت چھوڑنے کا حلف نامہ جمع کرا دیں، سرٹیفکیٹ کیوں نہیں دیتے؟، آپ خود الیکشن کمیشن کو مطمئن نہیں کرنا چاہتے۔ فی الحال الیکشن کمیشن کی کارروائی سے نہیں روک سکتے۔ پہلے الیکشن کمیشن کا جواب آنے دیں۔عدالت نے الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیا۔بعدازاعدالت نے فیصل واڈا کیس کی سماعت 31 مارچ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں