پولیو مہم

فیصل آباد میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 8 جنوری سے شروع ہوگی

مکوآنہ (عکس آن لائن)فیصل آباد میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 8 جنوری سے شروع ہوگی جبکہ 14 جنوری تک جاری رہنے والی مذکورہ مہم کے دوران 4869 ٹیمیں 5سال تک کی عمر کے15 لاکھ 36 ہزارسے زائدبچوں کوپولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔

اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان ودیگر حکام بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مہم کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع میں انسداد پولیو کی آئندہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمام تردستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تاکہ گزشتہ کمزوریوں وخامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا متعلقہ سٹاف اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں اوردوران مہم والدین کی آگاہی کیلئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری برقرار رہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں جذبے سے فرائض انجام دیئے جائیں اور اس سلسلہ میں معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔ڈی ایچ او نے بتایا کہ مہم کے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔اجلاس میں گزشتہ پولیو مہم کے اہداف کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں