صبا حمید

فلم انڈسٹری اور سیاست کو چلنے ہی نہیں دیا جاتا،نئے لوگ کہاں سے آئینگے، صبا حمید

کراچی (عکس آن لائن) سینئر اداکارہ صباء حمید نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری اور سیاست کو چلنے ہی نہیں دیا جاتا تو نئے لوگ کہاں سے آئینگے ،اداکاری سے زیادہ ہدایت کاری میں مزہ آتا ہے،فیصلہ کرلیا انتخابات میں کس پارٹی کو ووٹ دوں گی۔نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے صباء حمید نے کہا کہ اگرچہ میں نے ہدایت کاری کم کی ہے مگر اداکاری سے زیادہ ہدایت کاری میں مزہ آتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب تک سماج میں خواتین پر ظلم ہوتا رہے گا، وہ مظلوم بنیں گی، تب تک ایسے ہی موضوعات پر ڈرامے بنائے جاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ کہتے ہیں جو کچھ ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے، وہی سماج میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ابھی فوری ڈراموں کے موضوعات تبدیل نہیں ہو سکتے، مزید کافی وقت تک خواتین کو مظلوم دکھایا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری ابھی چلنا سیکھ رہی ہے لیکن اسے چلنے ہی نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری 1980میں زوال پذیر ہونا شروع ہوئی اور تقریبا سال 2000تک ختم ہوگئی، پھر وہ دوبارہ اٹھی اور ابھی پائوں پائوں چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری اور سیاست کو چلنے ہی نہیں دیا جاتا تو دونوں شعبوں میں نئے لوگ کہاں سے آئیں گے؟، اگر انہیں چلنے دیا جاتا تو نئے لوگ آتے اور تبدیلیاں نظر آتیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو کبھی نہیں روکا گیا، اسے ہمیشہ چلنے دیا گیاجس وجہ سے آج وہ کافی آگے ہے، وہاں بہت سارے نئے لڑکے اور لڑکیاں آچکی ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی سے فیصلہ کرلیا ہے کہ انتخابات میں کس پارٹی یا لیڈر کو ووٹ دوں گی۔انہوں نے مداحوں سمیت تمام افراد پر زور دیا کہ وہ بھی انتخابات میں لازمی حصہ لیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں