وزیر اطلاعات

فلموں کا معیار بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے، وزیر اطلاعات

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلموں کا معیار بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ امجد کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فلموں کی کہانی، معیار، ٹیکنالوجی بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت سینما گھروں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری فلموں کی اس وقت بہت ضرورت ہے، فلم انڈسٹری کو ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، حکومت اس ضمن میں فلم سازوں کو ٹیکس میں استشنی سمیت فلم انڈسٹری کے لئے آلات کی درآمد میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کے لئے ایف بی آر سے بات چیت جاری ہے، جلد ہی لائحہ عمل طے کرلیا جائے گا، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہاﺅسز کو ٹیکس میں رعایت دینے کے لئے متعلقہ حکام سے بھی بات چیت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ٹیکس استثنی سمیت دیگر امور پر بہت جلد مشاورت کی جائے گی، حکومت نے ذمہ داری سنبھالتے ہی فلم اینڈ کلچر پالیسی کو بحال کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور چینی فلم سازوں کی مشترکہ پروڈکشن شروع کرنے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ اسکے علاوہ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان فلم سازی میں تعاون اور مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے چینی سفیر سے ہونے والی اپنی بات چیت سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ دوسری جانب چیئرمین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سینما انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومتی اقدامات سے فلم انڈسٹری کو تقویت ملے گی، پاکستان فلم انڈسٹری کو اس کی اصل شناخت دلوانے کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں