فلسطینی ایوان صدر

فلسطینی اراضی کواسرائیلی وزارت انصاف میں شامل کرنا خطرناک ہے، فلسطینی ایوان صدر

رملہ(عکس آن لائن)اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے اور وادی اردن کی اراضی کو اسرائیل کی وزارت انصاف کے ریکارڈ میں درج کرنے کی تجویز پر فلسطینی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے دفتر سے جاری ایک بیان میں اس اقدام کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے غرب اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی اراضی کو اسرائیلی وزارت انصاف کے ریکارڈ میں شامل کرنا بین الاقوامی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔فلسطینی اتھارٹی اور صدر عباس اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی کو یہودی ریاست میں ضم کرنے کی کوششیں بین الاقوامی فوج داری عدالت کی طرف سے جاری کردہ فیصلوں کے خلاف ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے کہا تھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی کالونیوں کی اراضی اور وادی اردن کی زمین کو فلسطینی سول ایڈمنسٹریشن کے ریکارڈ میں شامل کرنے کے بجائے اس کا اندراج اسرائیلی وزارت انصاف میں کیا جائے۔
#

اپنا تبصرہ بھیجیں