واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے اپنی جوہری معاہدے کی شرائط اور ذمہ داریوں میں مزید کمی کا اعلان ناقابل قبول ہے اور ہم ایرانی اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کینساس کے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے بارے میں مزید تحقیق کرے گا اور اس سلسلے میں پابندی ختم کر دے گا۔
انہوں نے کہاکہ تہران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے جوہری فوجی نظاموں کی مزید تحقیق اور ترقی جاری رکھے گا۔امریکی وزیر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع تلاش کرسکتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ کئی ماہ پیشتر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ بغیر کسی شرط کے ایرانی رہ نماو¿ں سے ملاقات کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ستمبر کے آخر میں ٹرمپ اور ان کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کے درمیان ملاقات کے لئے حالات پیدا کرنے کے لئے ثالثی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کی صورت میں جو نتائج تلاش کر رہے ہیں اس کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے۔ مائیک پومپیو نے ایران کی دہشت گردی کی عالمی مہمات اور اس کے ناقابل قبول بیلسٹک میزائل پروگرام کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔