چودھری پرویز الہی

فتح ہمیشہ محنت، جذبے اور عزم کی ہوتی ہے ،امید ہے فتوحات کا سلسلہ ورلڈ کپ میں بھی برقرار رہے گا’پرویز الٰہی

لاہور (نمائندہ عکس) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے پر شاباشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ فتح ہمیشہ محنت، جذبے اور عزم کی ہوتی ہے ،امید ہے کہ فتوحات کا سلسلہ ورلڈ کپ میں بھی برقرار رہے گا۔وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی ٹیم کو سہ ملکی سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق امید کا اظہار کیا ہے۔

پرویز الٰہی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ”ویلڈن گرین شرٹس ویلڈن!”کیویز کو ان کے ہوم گرائونڈ میں فائنل میں شکست دینے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، محمد نواز اور حیدر علی نے بہترین کھیل پیش کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فتح ہمیشہ محنت، جذبے اور عزم کی ہوتی ہے اور یہ بات پاکستانی ٹیم نے آج پھر ثابت کی۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کے ذریعے بہترین کھیل پیش کیا اور جیت اپنے نام کی، فائنل میں فتح سے پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، امید ہے کہ فتوحات کا سلسلہ ورلڈ کپ میں بھی برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹ سے ہرا کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی ہے۔گرین شرٹس نے 164 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے فائنل میچ جیتنے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا جس کے بعد مڈل آرڈر نے بھی آج مداحوں کی شکایات دور کردیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں