لاہور(عکس آن لائن )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اس رپورٹ کو خوش آئند ہے ،
رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں66فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سال2019کے جاری کھاتوں کے خسارہ میں 62فیصد تک کمی ہوئی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں66فیصد اضافہ سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اورملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکسوں کی چھوٹ ،مراعات سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔
خادم حسین نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ سے 2019کے اختتام تک جاری کھاتوں کے خسارہ میں کمی کے بعد خسارہ7-4ارب ڈالر کی سطح تک کم ہوگیا ہے جو خوش آئند ہے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں66فیصد اضافہ سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا رواں سال میں مالیات کے کاروبار،آئل اینڈ گیس،الیکٹرک مشینری میں سرمایہ کاری84فیصد تک رہی ،سرمایہ کاری میں اضافہ سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے وافر مواقع بھی دستیاب ہونگے جس سے بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی سپیشل اکنامک زونز میں بنیادی سہولتوں کے ساتھ انٹرنیشنل سٹینڈرز کے انفراسٹرکچر سے نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان سپیشل زونز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کیلئے جائیں بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ ملک میں مہنگائی کی روک تھام ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔