اسلام آباد (عکس آن لائن) غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی
میں مالی سال 2019-20ء کے دوران 27.37 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ
کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے گیارہ مہینوں میں جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران غیر ملکی
سرمایہ کاری سے حاصل 1.215 ارب ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کیے گئے ہیں جبکہ جولائی تا مئی
2018-19ء میں اس مد میں 1.673 ارب ڈالر بیرون ملک بھیجے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق مئی
2020ء کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر 20.2 ملین ڈالر منافع جات کی ادائیگی کی گئی جبکہ
اپریل 2020ء کے دوران منافع جات کا حجم 190.4 ملین ڈالر رہا تھا۔ گزشتہ مالی سال میں فوڈ، پاور،
ٹیلی کمیونیکیشن اور فنانشنل بزنسز کے شعبوں سے کم منافع حاصل ہوا ہے۔ جولائی تا مئی 2019-20ء
کے دوران فوڈ سیکٹر کا منافع 59.3 ملین ڈالر رہا ہے جبکہ جولائی تا مئی 2018-19ء کے دوران منافع
کا حجم 177.6 ملین ڈالر رہا تھا۔ اسی طرح جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران پاور سیکٹر سے
68.8 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی ہوئی ہے جو اس سے گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے
دوران 129.7 ملین ڈالر رہی تھی۔ مزید برآں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ سے 256.5 ملین ڈالر کے مقابلے
میں 65.8 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کیے گئے ہیں، اسی طرح مالیاتی کے شعبے
سے 151.1 ملین ڈالر کے مقابلے میں 232.7 ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کیے گئے ۔