عظمی بخاری

عوام نے ثابت کیا ان کو انتشار ، فساد کا ایجنڈا نہیں چاہیے ‘ عظمیٰ بخاری

لاہور( عکس آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی عوام نے ثابت کیا ہے ان کو انتشار ، فساد کا ایجنڈا نہیں چاہیے اورجو سیاسی جماعت کام کرے عوام اس کو ووٹ دیتے ہیں،

کہا گیا ضمنی انتخابات حکومتیں جیت جاتی ہیں جب بانی پی ٹی آئی حکومت میں تھے تو ضمنی الیکشن ہار گئے تھے،21اپریل کے نتائج پر یہ کہنا کہ حکومتیں جیت جاتی ہیں یہ ٹھیک نہیں ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگوعظمیٰ بخاری نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حکومت میں ضمنی الیکشن (ن)لیگ ہاری تھی،مریم نواز کی ڈیڑھ دو ماہ کی حکومت میں عوام نے کام کرتے دیکھا تو عوام کا ضمنی انتخابات میں واضح فیصلہ سنایا ۔

انہوں نے کہا کہ بزدار ماڈل نے اس صوبے کو بے تحاشا نقصان پہنچایا ہے،مریم نواز کی یہ حکومت تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اپنی دو ماہ کی حکومت کے بعد ضمنی الیکشن ہار جائے تو وہ مقبولیت کا پیمانا نہیں ہوتا،رونا پارٹی حکومت میں تھے تب بھی روتے تھے آج حکومت سے باہر ہیں تب بھی روتے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف ہوں یا وزیر اعلی مریم نواز ہوں پنجاب کی عوام کے لئے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ چاہے تو جوتے پرکیا ماتھے پر بھی 804لکھ لیں، عوام نے وہ سٹوری بھی دیکھ لی کہ بشری بی بی کو ہارپک دیا گیا ،محترمہ کو گیسٹروکا مسئلہ تھا،فتنا فساد پارٹی اپنے اعمال پر غور کرے،پنجاب کے عوام شہروں کو آگ لگانا پسند نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کے پاس مفت موٹرسائیکلیں ہونی چاہئیں،ابھی تو مریم نواز کو آئے کچھ وقت ہوا ہے،مجھے فخر ہے پنجاب کی عوام نے درست فیصلہ کیا ہے،تحریک انصاف پہلے ہی ختم ہوچکی ہے تحریک فساد پارٹی بھی ختم ہوتی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب جلد کسانوں کے حوالے سے ایک پلان دیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے جلسوں نے کبھی فساد برپا نہیں کیا ہم ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی کو سپین میں بیٹھ کر دھاندلی نظر آرہی ہے لیکن اڈیالہ جیل میں اپنا باپ سڑتا ہوا نظر نہیں آرہا،ان کے والد صاحب پر بہت کیسز ہیں ان کا ان کو جواب دینا ہے،مونس الٰہی پیسے بھر بھر کے باہر لے کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت این آر او مانگ رہی ہے لیکن ان کو این آر او ملے گا نہیں،این آر او حاصل کرنے کا سب سے بہتر طریقہ عمران خان کو پتہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں