وزیر اعلیٰ مریم نواز

عوامی فلاح و بہبود کا ہر سیکٹر میری ترجیح ہے،مریم نواز

لاہور (عکس آن لائن ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کا ہر سیکٹر میری ترجیح ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف سے رکن قومی اسمبلی شذرہ منصب اور سابق ایم این اے چودھری عابد رضا کوٹلہ نے ملاقات کی جس میں ننکانہ صاحب اور گجرات کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر معاون خصوصی ذیشان ملک بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مریم نواز نے عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، لیگی رہنماوں نے مہنگائی سے ریلیف کی کاوشوں پر وزیر اعلی پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کا ہر سیکٹر میری ترجیح ہے، عوام کے مسائل کا حل ہر صورت یقینی بنائیں گے، مسائل کا حل اور ترقی عوام کا حق ہے، کسی کا احسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور لینڈ فل سائٹس قائم کی جائیں گی، پنجاب میں 2500 بنیادی مراکز صحت اور 300 دیہی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے، اضلاع کے ہسپتالوں میں کارڈیالوجی اور پیڈز کے جدید ترین یونٹ قائم کریں گے۔ مریم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ہر ضلع میں علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے تاکہ کسی کو علاج کے لئے دوسرے شہر نہ جانا پڑے۔