شیری رحمن

عمران خان کی”جیل بھرو تحریک” ان کے ذاتی سیاسی مقاصد کیلئے ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی”جیل بھرو تحریک” ان کے ذاتی سیاسی مقاصد کیلئے ہے، اس مہم کا جمہوریت، ملک اور عوام سے کوئی لینا دینا نہیں۔ پیر کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان خود ضمانت لیکر کارکنان کو جیل جانے کامشورہ دے رہے ہیں، یہی وجہ ہے تحریک انصاف کے صرف 16 سو ورکرز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے بھی عمران خان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، یومیہ چند ورکرز کی گرفتاری کا تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) سے موازنہ کیا جا رہا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں جمہوریت کی جدوجہد سے بالکل ناواقف ہے، ایم آر ڈی میں سینکڑوں لوگ اور کارکنان شہید ہوئے، ہزاروں کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا، اس بارے میں پی ٹی آئی کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم آر ڈی تحریک ضیاء کی آمریت کے خلاف اور جمہوریت اور آئین کی بحالی کے خاطر تھی ،کسی شخص کی ذاتی سیاست بچانے یا کسی بیانیہ کے لئے نہیں تھی۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کی ‘جیل بھرو تحریک’ ان کی ذاتی سیاسی مقاصد کیلئے ہے، اس مہم کا جمہوریت، ملک اور عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں