ملائیشین وزیراعظم

عمران خان کو کوالالمپور اجلاس میں شرکت پر مجبور نہیں کرسکتے، مہاتیر محمد

کوالا لمپور(عکس آن لائن )ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو کوالالمپور اجلاس میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کوالالمپور کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سمٹ میں شرکت نہ کرنے کی اپنی وجوہات ہیں، عمران خان کا فیصلہ ان کی مرضی ہے اور ہم انہیں شرکت کے لیے مجبور نہیں کرسکتے۔مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اسلام میں کوئی زور زبردستی نہیں، وہ شرکت نہیں کرسکے شاید انہیں کچھ اور مسائل کا سامنا ہو، عالم اسلام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی جائے گی،

کانفرنس میں 50 سے زیادہ ممالک کو مدعو کیا گیا ہے جن میں سربراہان مملکت بھی شامل ہیں۔مہاتیر محمد نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں مذہب اسلام پر بحث نہیں کی جائے گی بلکہ امت مسلمہ پر بات ہوگی جو آج زیادہ سے زیادہ دبا ؤکا سامنا کررہی ہے۔ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کی سمٹ کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 20 ریاستوں کے رہنما جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں لیکن سعودی عرب اور پاکستان غیر حاضر ہیں۔ اجلاس میں عالمی سطح پر مسلم ریاستوں اور مسلمانوں کو درپیش بحرانوں اور پریشان کن موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں