عمران خان

عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست دوسرے بنچ کو منتقل

لاہور (عکس آن لائن ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے کیس دوسرے بنچ منتقلی کیلئے فائل چیف جسٹس کو واپس بھجوا دی۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اخترنے عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا کیس مزید سماعت کے لیے جسٹس ساجدہ محمود کو بھجوایا۔ شہری محمد جنید نے ایڈووکیٹ آفاق احمد کی وساطت سے دائر کردہ درخواست میں عمران خان، چیف الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا تھا۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو این اے 95 میانوالی سے نااہل قرار دے چکی ہے، ان کے خلاف 7 دسمبر 2022 کو قانونی کارروائی کا آغاز کیا کیا گیا تھا، توشہ خانہ کے حقائق چھپانے پر بھی الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت اس سے قبل نواز شریف کو بھی نااہل قرار دے چکی ہے اور نااہلی کے بعد نواز شریف پارٹی صدر نہیں رہے، اسطرح سے نااہلی کے بعد کوئی بھی پارٹی سربراہ نہیں رہ سکتا۔

شہری کی جانب سے اپنے موقف میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سے رجوع کیا مگر درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی، عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں