عابد شیر علی

عمران خان پر170 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کااوپن اینڈ شٹ کیس ہے جس کے تمام ثبوت موجود ہیں ،عابد شیر علی

مکوآنہ (عکس آن لائن)فیصل آباد پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نواز شریف میرا لیڈر ہے وہ جب گرفتاری دینے آیا اپنی بیٹی کو ساتھ لے کر آیا۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لنگڑے کو ٹانگ دے دی ہے، نواز شریف آنے والے چند ہفتوں میں پاکستان میں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ جب بیلنس آف پاور ہوگا پھر ہی انتخاب ہوگااس سے پہلے نہ تو کوئی انتخاب ہوگا اور نہ ہی کوئی ان کے نتائج کو تسلیم کرے گا۔

اب پیر سے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین کے فیصلے کے مطابق فیصلہ کن راؤنڈ شروع کیا جا ئے گا اور جب تک لاڈلے کو دیگر سیاسی قائدین کی طرح انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھا جا ئے گا۔فیصل آباد پبلک سیکرٹریٹ نیو ناظم آباد میں خصوصی گفتگو کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پر170 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کااوپن اینڈ شٹ کیس ہے جس کے تمام ثبوت موجود ہیں لیکن اس نے ایک بند لفافہ دکھاکر شہزاد اکبر کے ذریعے یہ رقم انتہائی ناجائز و غیر قانونی طور پر ملک ریاض کو واپس کرکے القادر ٹرسٹ کے نام پر7 ارب روپے کی زمین لی جو سنگین کرپشن اور اختیارات و عہدے کا ناجائز استعمال اور ملک و قوم کے ساتھ غداری و زیادتی ہے وگرنہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ یہ رقم پاکستان آکر حکومت کے خزانہ میں جمع اور عوام کی خوشحالی و فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کلیئر کٹ ناجائز اثاچہ جات کا کیس ہے لہٰذا اگر نواز شریف کو صرف اس بنا پر نااہل قرار دیا جاسکتا ہے کہ اس نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی تو عمران خان کو بھی اس سمیت دیگر کرپشن کیسز میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نااہل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ لاڈلے پر بے جا نوازشات کا ہی نتیجہ ہے کہ اس نے اپنی گرفتاری پر اپنے تربیت یافتہ دہشت گردوں کے ذریعہ وہ کام کروادیا جو ہمارے ازلی دشمن سمیت دنیا کی کوئی طاقت پچھلے 70 سالوں میں نہیں کرواسکی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اس اقدام پر بھارت میں جشن کا سماں ہے اور پاکستان کے تمام دشمن خوشی کے شادیانے بجارہے ہیں کہ جو کام وہ نہیں کرسکے وہ ان کے پروردہ ایجنٹ عمران خان نے کردکھایا۔

عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کے اشارے پرکور کمانڈر کا گھر جلایا گیا،بھارت والے بھی قائداعظم کی رہائش گاہ کی عزت کرتے ہیں لیکن یہاں پاکستان میں قائداعظم کی رہائش گاہ جلائی گئی،میڑو بسوں کو جلایا گیا،عمران نے دہشتگردوں کو ٹریننگ دی،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام کے ساتھ انصاف کیا جاتا لیکن نیب کے ملزم کورہا کردیاگیا، ہمیں 90، 90روز کیلئے اندر کیا جاتا تھااور ملاقاتوں پر بھی پابندی ہوتی تھی لیکن لاڈلے کیلئے سہولت کاری ہورہی ہے،

70 سال سے پاکستان کا دشمن جو کام نہ کرسکا عمران خان نے پاکستان کے خلاف وہ کام کردیا،ملکی تنصیبات کو جلایا گیا،شہدا کی یادگاروں کو جلایا گیا لیکن8 دن کے ریمانڈ پر ایک ملزم کو جانے دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی آڈیوز ویڈیو لیک ریکارڈ پر ہیں،اس طرح کا اقدام جو بے گناہ پاکستانی جیلوں میں ہیں ان کے ساتھ ناانصافی ہے،یہ ایک سیاسی فیصلہ ہے جس سے سیاسی انداز سے نمٹا جائے گا،عمران خان نے اپنے دوستوں سے این آر او لے لیا اب فوج سے این آر او لینے کی کوشش کرتا ہے،ملک میں جو آج مہنگائی ہورہی ہے اس کی وجہ بھی یہی ہے،اگر سڑکوں پر ایسے ہی فیصلے ہونے ہیں تو ایسے ہی سہی،

پیر کو پی ڈی ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا،یاپارلیمنٹ سرنڈر کریں گے یا پارلیمنٹ کو قوم کو تذبذب سے نکالنا ہوگا پی ڈی ایم کے جو فیصلے ہوئے ہیں اس کے اثرات بہت جلد سامنے آئیں گے کیونکہ پارلیمنٹ سپریم ہے اس کے فیصلے بھی سب کو ماننے پڑیں گے۔عابد شیر علی نے کہا کہ مسلح افواج نے دانشمندی دکھائی اور گولی نہیں چلائی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ عمران خان لاشیں چاہتا تھابا لکل اسی طرح جس نے اپنے حواری طاہرالقادری کے ساتھ مل کر ماڈل ٹاؤن میں خود لاشیں گرائیں اور پھر ان پر سیاست چمکائی۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں ہم نہیں چاہتے کہ اس جماعت پر پابندی نہ لگے لیکن ہم عمران خان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے،آنے والے دن بڑے اہم ہیں جس میں اہم فیصلے ہونے ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں سیاسی انداز سے مقابلہ کریں گے۔عابد شیر علی نے کہا کہ نواز شریف پارٹی کی مشاورت کے ساتھ بہت جلد پارٹی کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان تشریف لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی بہت بڑے جرم کا مرتکب ہوا کیونکہ نیشنل کرائم ایجنسی یو کے نے پاکستان سے لوٹا ہوا 70ارب روپیہ پاکستان کے حوالے کیامگر عمران نیازی نے بند لفافے میں اپنی کابینہ سے اس کی اجازت لی اور 190ملن پاؤنڈ پاکستان کے لوگوں کو بھیجے گئے تھے جو لوٹا ہوا پیسہ تھالیکن عمران خان نے بزنس تائیکون کو یہ لوٹا پیسہ واپس کردیاحالانکہ وہ پیسہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں آنا چاہئے تھا۔

اس نے اسی بزنس تائیکون سے القادر ٹرسٹ کی زمین اپنے اور اپنی بیوی کے نام پر کروائی یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے مگر حیرت ہے کہ اسے کس طرح بیل آوٹ پیکج دیدیاگیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر انکے خلاف فیصلہ دیاگیا جبکہ اس کے برعکس عمران خان کو وی آئی پی پروٹوکول دیاگیا،

عمران خان کو فون کی سہولت دی گئی،حالانکہ اگر آپ کو نواز شریف کو انصاف مہیا کردیتے توخوشی ہونی چاہئے تھی،انصاف فراہم کرنیوالوں کا یہ کام نہیں کہ جو ڈاکا مارے اس کو دس بندوں کا کھانا دیں گے، مرسڈیز دیں گے،اس شخص کو ضمانت ملی جس کے جتھوں نے قائد اعظم کا گھر جلا دیا، کور کمانڈر کا گھر جلا دیا۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کا میڈیا لڈیاں ڈال رہا ہے، عمران خان وطن دشمن ہے جس نے معیشت کا جنازہ نکالا اور پاکستانی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوایا۔

انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد، اعجاز چوہدری تمام لوگوں کی گفتگو ریکارڈ پر ہے کہ عمران خان نے کہا تھاکہ میرے پکڑے جانے پر پورا پاکستان جلا دینا وہ جلا دیا،یہ سیاسی فیصلے ہیں اس کو اب سیاسی انداز سے ہی نمٹیں گے، کل عمران خان آرمی چیف پر الزام تراشی کررہا تھاتو انڈین میڈیا خوش ہورہا تھا،

نواز شریف نے کہا تھااگر غلط فیصلے ہوئے تو ڈالر 300 نہیں 500 کا ہوجائے گا یہی وجہ ہے کہ آج لاڈلے کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،لاڈلے نے تین دن عوام کو جنگ میں دھکیلے رکھا، پہلے دن ہی کہہ دیتے کہ اسے چھوڑ دیں، توشہ خانہ کے کیس کو روک دیا گیا،پیر والے دن سے پی ڈی ایم اپنا احتجاج کرے گی جو ہمارا جمہوری حق ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں ہم کسی جماعت کو پابندی لگا کر باہر نہیں کرنا چاہتے لیکن ہم یہ ضرور پوچھنا چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم پر کیوں پابندی لگی تھی،وہ انہی کاموں کی وجہ سے لگی تھی،ایم کیو ایم والوں کو چاہیے کہ وہ بھی سوال کریں کہ ہم پر پا بندی کیوں لگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں