چودھری پرویز الٰہی

عمران خان نے کبھی فوج اور عوام میں فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی،چودھری پرویز الٰہی

لاہور ( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کبھی فوج اورعوام میں فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ انہوں نے ہمیشہ فوج کوملکی سلامتی کے لئے ناگزیرقراردیا،پی ڈی ایم حکومت،فوج اورعوام میں جنگ کراناچاہتی ہے۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی میں نہ تواپوزیشن ہے اور نہ ہی ممبران پورے ہیں،وہاں ماماجی کی عدالت لگانے کا کوئی فائدہ نہیں۔کورکمانڈرہائوس پر حملے کے وقت آئی جی اورپنجاب پولیس کہاں تھی؟،اصل قصوروارمحسن نقوی ہیں،سزا توانکو ملنی چاہئے حکومت نے جان بوجھ کرسرکاری اورفوجی تنصیبات کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کی صاف اور شفاف انکوائری ہوئی توان میں حکومت کا خفیہ ہاتھ بے نقاب ہو جائے گا۔عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اورشہبازشریف بدستور آگ بھڑکانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ صدرپی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے مسلح جتھوں کوجمع کرکے حکومت نے اپنا گھنائونا چہرہ بے نقاب کیا،سپریم کورٹ ان پرفوری توہین عدالت لگائے۔فضل الرحمن اورمریم نوازسپریم کورٹ پرحملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرکے آئے تھے۔ موجودہ حالات کا واحدحل الیکشن ہیں،بروقت الیکشن ہوجاتے تو حالات موجودہ خطرناک حد تک نہ پہنچتے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں