کراچی (نمائندہ عکس) مسلم لیگ (ن)کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان بڑے لیڈر ہیں تو اپنی شہرت کو سیلاب متاثرین کیلئے استعمال کریں،اس سیلاب سے پورا پاکستان متاثر ہوا ہے،شوکت ترین کی آڈیو لیکس پر بہت افسوس ہوا ، ایسی گفتگو قابل معافی نہیں، انکی جگہ اگر کوئی اور ہوتا تو شاید اتنا شور نہ ہوتا۔محمد زبیر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ ڈائریکٹ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بلوچستان، سندھ اور کے پی بھی گئے، بلاول نے اپنا یورپ کا دورہ کینسل کردیا، عمران خان اگر سمجھتے ہیں کہ وہ ایک بڑے لیڈر ہیں تو اپنی شہرت کو سیلاب متاثرین کیلئے استعمال کریں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان آپ کتنا بھی سمجھیں کہ سازش ہوئی ہے، حکومت میں آنے کا طریقہ یہی ہے کہ عدم اعتماد لے آئیں یا انتخابات جیت کر، نیوٹرل نیوٹرل کا کھیل کھیل کر یہ دبا بڑھانا چاہتے تھے۔
محمد زبیر نے کہا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ سیلاب ہے، سیلاب سے ساڑھے تین کروڑ سے زائد عوام متاثر ہوئے ہیں، اس سیلاب سے پورا پاکستان متاثر ہوا ہے، اس صورتحال سے کچھ دن کیلئے خان صاحب اعلان کردیتے کہ میں حکومت کیخلاف جلسے جلوس نہیں کرونگا۔ انکا کہنا ہے کہ شوکت ترین کی آڈیو لیکس پر بہت بہت افسوس ہوا، ایسی گفتگو قابل معافی نہیں، انکی جگہ اگر کوئی اور ہوتا تو شاید اتنا شور نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت ترین معیشت کو سمجھتے ہیں پھر بھی ملک کو معاشی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، شوکت ترین وزیر خزانہ بھی رہے ہیں، انکو آئی ایم ایف کے لون کی ضرورت کی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہیے تھا، اگر معاہدہ نہ ہوتا تو اس کے اثرات کا بم ملک کے بائیس کروڑ افراد پر گرنا تھا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ شوکت ترین اس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوش کررہے تھے، اس معاہدے کی اہمیت کا اندازہ انکو تھا۔ محمد زبیر نے مزید کہا کہ معاہدے کو سبوتاژ کرنا پاکستان کے مفاد میں نہیں تھا، یہ سوچ عمران خان کی ہے، ایک پروفیشنل معاشی ماہر سے ایسی گفتگو کی توقع نہیں۔