شیری رحمان

عمران خان آئین توڑ کر لوگوں کو احتجاج کیلئے اکسا رہے ہیں، شیری رحمان

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آئین توڑ کر لوگوں کو احتجاج کیلئے اکسا رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ عدم اعتماد سے بچنے کے لئے آئین کو پامال کیا گیا، وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے دنیا کے سامنے آئین کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی پاسداری کا حلف اٹھانے والوں نے آئین شکنی کی، فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے غیر یقینی کی صورتحال میں مزید اضافہ ہورہا ہے، آئین انصاف کے منتظر ہے۔

پیپلزپارٹی کی سینیٹر کا کہنا ہے کہ عمران خان آئین توڑ کر لوگوں کو احتجاج کیلئے اکسا رہے ہیں، آئین توڑ کر یہ جمہوریت کے محافظ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنایا جا رہا ہے،، عمران خان 35 پنچر کی طرح بعد میں کہیں گے ان کا سیاسی بیان تھا، خط کے معاملے پر بھی عمران خان جلد یوٹرن لیں گے۔ انکا کہنا ہے کہ جس خط پر عمران خان ایک خطرناک بیانیہ بنا رہے ہیں اس کی صداقت پر اب کئی سوالات آٹھ چکے ہیں، عمران خان اور اسپیکر کو اب سازش اور غداری کا الزام ثابت کرنا ہوگا۔ شیری رحمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ آپ 197 ارکان اسمبلی پر خارجہ سازش میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر سیاست تو کر سکتے ہیں لیکن سچ ثابت نہیں کر سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں