اسٹیٹ بینک

علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ

اسلام آباد (عکس آن لائن) علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 3فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی،پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور مالدیپ سمیت سات علاقائی ممالک کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 981.410ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں تین فیصد زیادہ ہیں،اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 7.018ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے اور سات علاقائی ممالک کو برآمدات کا تناسب 13.98فیصد ہے۔

مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین کو 633.37ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 501ملین ڈالر کے مقابلہ میں 26.42فیصد زیادہ ہے،افغانستان کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 128.53ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 127.157ملین ڈالر تھیں۔ پہلی سہ ماہی میں بنگلہ دیش کو 144.50ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 38.28 فیصد کم ہیں،گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بنگلہ دیش کو 234.14ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

نیپال کو پہلی سہ ماہی کے دوران 0.044ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 0.101ملین ڈالر تھیں۔ مالدیپ کو مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.964ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.754ملین ڈالر تھیں،اس کے برعکس پہلی سہ ماہی میں سات علاقائی ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 14.73فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جولائی سے ستمبر تک کی مدت میں سات علاقائی ممالک سے 2.833ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.323ارب ڈالر تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں