فرخ حبیب

عدم اعتماد ناکام ہوگی اور کرپٹ ٹولا رسوا ہوگا، فرخ حبیب

فیصل آباد (نمائندہ عکس ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عدم اعتماد ناکام ہوگی اور کرپٹ ٹولا رسوا ہوگا، آج جو اکٹھے ہیں وہ ایک وقت میں ایک دوسرے کی شکل دیکھنا نہیں چاہتے تھے۔ اتوار کو امربالمعروف جلسے میں شرکت کے لیے فیصل آباد سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان ایسا وزیراعظم ہے جس کے خلاف کوئی منی لانڈرنگ کا کیس نہیں نہ ہی بیرون ممالک میں محلات بنائے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے 40سال باہر محنت کی اور پیسے بینکنگ چینل سے پاکستان میں لائے۔

انہوں نے کہا کہ آج جو اکٹھے ہیں وہ ایک وقت میں ایک دوسرے کی شکل دیکھنا نہیں چاہتے تھے، زرداری فالودے والے اور زرداری مقصود چپڑاسی کو بچانا چاہتے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام، خواتین،بچے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہاوس کو نیلام گھر بنا دیا گیا ہے، ہارس ٹریڈنگ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کرنے جارہے ہیں۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عدم اعتماد ناکام ہوگی اور کرپٹ ٹولا رسوا ہوگا، پاکستان کے تمام مکاتب فکر، کاروری طبقے، فیصل آباد چمبر سمیت دیگر ایسوسی ایشنز کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے ملکر کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے، عدم اعتماد والوں کو ایسا سرپرائز ملے گا کہ وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ایسا سوچنا بھول جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں