فواد چوہدری

عدم اعتماد حزب اختلاف کا وہ بچہ ہے جو کہیں کھو گیا ہے، فواد چودھری

اسلام آباد(نمائندہ عکس)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حزب اختلاف عدم اعتماد کا وہ بچہ ہے جو کہیں کھو گیا ہے، پیپلز پارٹی لانگ مارچ کو راولپنڈی میں خوش آمدید کہیں گے اور حکومت پیپلز پارٹی کے 60،70شرکا کو چائے پلائے گی۔ چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عوامی مارچ میچ ختم ہونے کے بعد راولپنڈی آئے۔

ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک سے 23مارچ پریڈ میں وفود آئیں گے جبکہ پاکستان میں اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی)کا اجلاس ہونے جا رہا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پہلی بار ملک کے اندر ہی بن رہی ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ روس یوکرین پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور وزیر اعظم نے کبھی بھی فوجی حل کی حمایت نہیں کی جبکہ ہم کسی کے ساتھ خراب تعلقات کے خواہاں نہیں ہیں۔

وزیر اعظم نے کچھ روز قبل روسی ٹی وی سے انٹرویو میں موقف بھی دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان اور مسلم امہ کے لیڈر ہیں۔ 48گھنٹے کا کہا گیا تھا لیکن 72گھنٹے ہو گئے اور عدم اعتماد نہیں آئی۔ عدم اعتماد حزب اختلاف کا وہ بچہ ہے جو کہیں کھو گیا ہے۔

افسوس ہے ذوالفقار بھٹو کی جماعت ایک صوبے کی جماعت رہ گئی، اب پیپلز پارٹی زرداری خاندان سے واپس لے لینی چاہیے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فضل الرحمان کا چہرہ اترا ہوا ہے اور حزب اختلاف کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ حزب اختلاف میں جن کا پیسہ بیرون ملک ہے وہ بے ہوش ہو رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کے بیٹے سے والد کی صحت پر بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکہ پر بھارت سے ہر پیغام آسٹریلیا ٹیم کو ٹیگ ہو رہا تھا۔ ہم کہتے ہیں مودی اپنے لوگوں کو اس طرح استعمال نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں