کراچی (عکس آن لائن)فیملی کورٹ شرقی کی جانب سے فلم و ٹی وی اداکار فیروز خان کو سابق اہلیہ، علیزا سلطان کو بچوں کے اخراجات کی مد میں ماہانہ 80ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔کراچی کی مقامی عدالت میں فیروز خان اور سابقہ اہلیہ علیزا سلطان کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں پر سماعت ہوئی۔اس دوران دونوں فیریقین سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے دورانِ سماعت اداکار فیروز خان کو پر ماہ کی 14 تاریخ سے قبل بیٹے سلطان کیلئے 50اور بیٹی فاطمہ کیلئے ماہانہ 30ہزار اخراجات کی مد میں ادا کرنے کا حکم دیا۔سماعت کے دوران عدالت نے فیروز خان کے بیٹے سلطان کی حوالگی 5روز کیلئے باپ کے حوالے کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سلطان 22دسمبر سے پانچ روز کیلئے والد فیروز خان کے ساتھ رہیں گے، بطور والد فیروز خان کا حق ہے کہ وہ بچوں کے ساتھ وقت گزاریں، فیروز خان کی بیٹی کی عمر سات ماہ ہے وہ ماں کے بغیر نہیں رہ سکتی۔اس دوران فیروز خان کے بچوں کی والدہ، علیزا سلطان نے عدالت کو بتایا کہ اس سے قبل بھی ان کا بیٹا سلطان اپنے والد کے ساتھ رات رہ چکا ہے۔بعد ازاں عدالت نے فیروز خان کو ایک لاکھ روپے بطور ضمانت جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک سلطان فیروز خان کے پاس رہے گا فیروز خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ عدالتی ناظر کے پاس جمع رہے گا۔