اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ میں کل پیرسے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان وزیراعظم، وزیراعلی ٰکی جانب سے ترقیاقی فنڈزکے اجرا، سید خورشید شاہ اورجعلی اکائونٹس کیس کے ملزمان کی ضمانت،ایف 8 کچہری اسلام آباد میں وکلاء کے چمبرگرانے سے متعلق نظرثانی درخواست اورچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی مبینہ غیرملکی فنڈنگ کیس سے متعلق اپیل سمیت مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی ۔تفصیلات کیمطابق چیف جسٹس کی سر براہی میں تین رکنی بینچ 13 اپریل کو ایف 8 کچہری اسلام آباد میں وکلاء کے چمبر گرانے سے متعلق نظرثانی درخواست سماعت کریگا، جسٹس اعجاز الااحسن، جسٹس مظاہر علی نقوی بینچ میں شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے وکلاء کے چمبر کے گرانے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد بار نے عدالتی فیصلہ کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس عمرعطا بندیال کی سر براہی میں تین رکنی بینچ 12 اپریل کو وزیراعظم وزیراعلیٰ کی جانب سے ترقیاتی فنڈز اجراء کے خلاف درخواست پرسماعت کریگا۔ شہری راجہ منوراحمد نے ترقیاتی فنڈزکے خلاف آئینی درخواست دائرکی تھی۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 12 اپریل کو جعلی بنک اکائونٹس کیس کے ملزمان حسین لوائی، طہ رضا، محمد عمیر کی درخواست ضمانتوں پرسماعت کریگا۔ جسٹس مشیرعالم کی سر براہی میں تین رکنی بینچ 15 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پرسماعت کریگا۔
رجسٹرار آفس نے نیب، وکیل خورشید شاہ سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 15 اپریل کوچیئرمین عمران خان کی تحریک انصاف مبینہ غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کریگا۔ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر کو پارٹی رکن قرار دیا تھا،عمران خان نے الیکشن کمیشن فیصلہ کے خلاف عدالت عظمی سے رجوع کیا تھا۔