اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے وزارت خارجہ
میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی کارکردگی کا دائرہ کار
بڑھانے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
عثمان ڈار نے وزیر خارجہ کو کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کیلئے متعارف کروائی جانے والی ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے خدوخال کے حوالے
سے مفصل بریفنگ دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے ٹائیگر فورس کو ضلع، تحصیل اور وارڈ کی سطح پر
خدمات کی انجام دہی میں مدد ملے گی ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے وارڈ اور یونین کونسل کی سطح پر
مانیٹرنگ ہو سکے گی اور یہی ڈیٹا ضلعی انتظامیہ کو بھجوایا جائے گا تاکہ خامیوں کا تدارک ہو سکے ۔
وزیر خارجہ نے کرونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے،
اس موبائل ایپ کی تیاری پر عثمان ڈار کو مبارکباد دی۔