لاہور(عکس آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں‘
گندم کی قیمت میں استحکام کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے‘
آٹے کی قیمت میں استحکام کے لئے ہرممکن آپشن کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں
گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ سے فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے اور حتمی قیمت مقرر کرنے کی منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا،
کابینہ کی منظوری کے بعد فلورملز کو مقرر کردہ قیمت پر گندم فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ،
مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں استحکام کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے،
آٹے کی قیمت میں استحکام کے لئے ہرممکن آپشن کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا جائے گا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو عام آدمی
کی پہنچ میں رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔