عباس آفریدی

عباس آفریدی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی باؤلنگ آڈرکا مؤثر ہتھیار

لاہور (عکس آن لائن) آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء کے گروپ مرحلے کے اختتام پر ،عباس آفریدی پاکستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ فاٹا سے تعلق رکھنے والے نوجوان آل راؤنڈر، جنوبی افریقہ میں جاری میگا ایونٹ میں اب تک 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

دائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے میڈیم پیسر، عباس آفریدی نے سکواڈ میں شامل طاہر حسین، محمد وسیم اور عامر خان کے ہمراہ سکاٹ لینڈ، زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔اب تک ایونٹ میں پاکستان انڈر19 کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے عباس آفریدی کی بیٹنگ کرنے کی قابلیت بھی انہیں دیگر کھلاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 75 رنز پر ڈھیر کردیا تھا اس میچ میں عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔نوجوان آل راؤنڈر نے زمبابوے کے خلاف میچ کے 39ویں اوور میں یکے بعد دیگر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ کاپانسہ پلٹ دیا تھا۔ اوور کے آغاز سے قبل حریف ٹیم کو جیت کے لیے 72 گیندوں پر 88 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر زمبابوے کی 7وکٹیں بھی باقی تھیں۔ عباس آفریدی نے میچ میں مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عباس آفریدی نے آخری گروپ میچ میں بھی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے فاسٹ باؤلر عامر خان کے ہمراہ نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے محض 25 اوورز میں 106 رنز پر حریف ٹیم کے 9کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھجوادیا تاہم بارش کے باعث میچ مکمل نہیں ہوسکا تھا۔

بارش کی نذر ہونے والے میچ میں عباس آفریدی نے7اوورز میں 20 رنز دے کر3وکٹیں حاصل کیں۔نوجوان کھلاڑی عباس آفریدی کا کہنا ہے کہ تاحال وہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء میں اپنی کارکردگی سے خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔عباس آفریدی نے کہا کہ وہ اب تک ایونٹ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں تاہم ان کا ہدف ایونٹ کا بہترین آلراونڈر بننا ہے تاکہ وہ اپنی باؤلنگ اوربیٹنگ دونوں سے پاکستان انڈر19 ٹیم کو فتح دلاسکیں۔نوجوان آلراؤنڈر نے کہا کہ وہ سیمی نیو بال سے باؤلنگ کرنا پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ باؤلنگ میں ورائٹی لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ عباس آفریدی نے کہا کہ وہ سیم کے ساتھ ساتھ سلو گیندکرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کے نتائج گذشتہ تینوں میچوں میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

ایونٹ کے سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں 31 جنوری کو بینونی میں افغانستان سے شیڈول میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے نوجوان آلراؤنڈر نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم اس سے قبل ایشیا کپ میں حریف ٹیم کو 160 رنز پر ڈھیر کرچکی ہے، انہیں امیدہے کہ میگا ایونٹ میں بھی وہ افغانستان انڈر 19 ٹیم کو کم اسکور تک محدود رکھیں گے۔عباس آفریدی پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اور باؤلنگ کوچ راؤ افتخارکی جانب سے کھلاڑیوں کے ساتھ کی گئی محنت کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ نوجوان آل راؤنڈر نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان آئندہ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلے گا۔قومی انڈر 19 ٹیم اتوار کے روز پوچیف اسٹروم سے جوہانسبرگ روانہ ہوئی۔ قومی انڈر 19 اسکواڈ (آج) پیر سے جوہانسبرگ میں ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کرے گا۔2 مرتبہ کی چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم، افغانستان انڈر19 ٹیم کیخلاف میچ 31 جنوری بروز جمعہ کو بینونی میں کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں