ممبئی (عکس آن لائن) مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار عامر خان کا شمار بھارت کے ٹاپ اداکاروں میں ہوتا ہے، اپنے کرداروں سے لوگوں کے دلوں میں بس جانے والے عامر خان نے بالی ووڈ میں ایک یا دو نہیں بلکہ کئی ایسی فلمیں کی ہیں جس میں انہوں نے اپنے کرداروں سے لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے۔ عامر خان کی نئی آنے والی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ میں اْن کے ساتھ کرینہ کپور خان نظر آئیں گی، جس کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار عامر خان نے چند روز قبل بھارت کی ایک نجی یونیورسٹی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے طلبا سے بہت سی باتیں شیئر کیں اور ساتھ ہی انہیں اپنے اْس وقت کے بارے میں بھی بتایا جب وہ اپنے کیرئیر کے حوالے سے بہت زیادہ پریشان تھے۔
عامر خان نے بتایا کہ اْن کی فلم ‘قیامت سے قیامت تک’ کے بعد انہوں نے مختلف کہانیوں کی بنیاد پر تقریباً آٹھ یا نو فلمیں سائن کیں، اْس وقت تقریباً تمام ڈائریکٹرز ہی نئے تھے۔ عامر خان کی فلموں نے بم باری شروع کردی اور اْنہیں میڈیا کے ذریعے ون فلم ونڈر کہا جانے لگا۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود میرا کیریئر ڈوب رہا تھا، ایسا لگ رہا تھا جیسے میں کسی جلدی میں ہوں، اْس وقت گھر آکر میں بہت زیادہ دکھی تھا اور بہت رویا کرتا تھا۔اداکار نے بتایا کہ وہ جن لوگوں کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے وہ اْن میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے تھے۔
اْس وقت عامر خان کو ایسا محسوس ہوا کہ انہوں نے جو فلمیں مکمل کرلی ہیں اور اْس وقت وہ جو فلمیں کررہے ہیں وہ اچھی نہیں ہیں۔ پھر ایسا ہی ہوا کہ اْن کی سائن کردہ فلمیں ایک کے بعد ایک ریلیز اور فلاپ ہونے لگیں۔عامر خان کو ایسا لگا کہ اب وہ ختم ہو رہے ہیں، انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بھلے کیریئر ختم ہو جائے لیکن تب تک وہ کسی بھی فلم کو سائن نہیں کریں گے جب تک اْنہیں کوئی بہترین ہدایتکار، عظیم اسکرپٹ اور ایک بہترین پروڈیوسر نہ مل جائے۔انہوں نے بتایا کہ 44 سال کی عمر میں انہوں نے راجکمار ہیرانی کی فلم ‘3 ایڈیٹس’ میں کالج کیاسٹوڈنٹ کا کردار ادا کیا۔
اداکار نے بتایا کہ جب فلم کے پروڈیوسر نے اْن سے رابطہ کیا اور کہا کہ کالج کے اسٹوڈنٹ کا کردار کرنا ہے تو انہوں نے سوچا کہ وہ کالج کے اسٹوڈنٹ کا کردار کیسے کر پائیں گے۔مسٹر پرفیکشنسٹ نے مزید کہا کہ راجکمار ہیرانی کو مجھ پر یقین تھا کہ میں اس کردار کے ساتھ انصاف کروں گا اور انہوں نے مجھے اس فلم کے لیے کاسٹ کرلیا تھا۔ جس کے بعد یہ فلم اْن کے کیرئیر کی بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی۔اس کے بعد جیسے عامر خان کی قسمت ہی بدل گئی اورانہوں نے ایک کے بعد ایک بہترین فلم کی۔ اْن کی بلاک بسٹر فلموں میں ‘لگان، قیامت سے قیامت تک، دل، تارے زمین پر، 3 ایڈیٹس، دنگل ، پی کے، رنگ دے بسنتی ‘اور دیگر شامل ہیں۔