امریکا

عالمی برادری لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قرار دے، امریکا

واشنگٹن (عکس آن لائن )امریکا نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو بہ حیثیت مجموعی ایک دہشت گرد گروپ قرار دے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا نے یہ مطالبہ حزب اللہ کے پارلیمانی بلاک کے ایک چار رکنی وفد کے دور ماسکو کے بعد کیا ۔اس پارلیمانی وفد نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی تھی۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدہ دار نے روس کی دعوت پر حزب اللہ کے وفد کے اس دورے کی مذمت کی اورکہا کہ ہم تمام ممالک پر زوردیتے ہیں کہ وہ حزب اللہ کے نام نہاد عسکری اور سیاسی ونگ کے درمیان جھوٹی تقسیم کو مسترد کردیں،

اس گروپ کے خلاف مجموعی طور پر کارروائی کریں اور اس کو دہشت گرد قرار دے دیں۔محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ حزب اللہ کو امریکی قانون کے تحت ایک غیرملکی دہشت گرد تنظیم اور خصوصی عالمی دہشت گرد تنظیم قراردیا گیا ہے۔حزب اللہ کے زیر انتظام ٹی وی اسٹیشن نے روس کا دورہ کرنے والے وفد کے سربراہ محمد حسن رعد کے حوالے سے کہا کہ روسی وزیرخارجہ سے ملاقات میں لبنان اور شام کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں