منامہ(عکس آن لائن)سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ مملکت فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کی بین الاقوامی شناخت کی حمایت کرتا ہے۔ سعودی عرب نے عرب مسائل پر بہت زیادہ توجہ دی ہے۔ مملکت بحیرہ احمر میں بحری نقل وحرکت کی حفاظت پر زور دیتی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرین کی میزبانی میں منعقدہ عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ کی پٹی پر چڑھائی جس بہانے سے بھی شروع کی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔
ریاض نے غزہ میں انسانی حالات سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت کی اور غزہ جنگ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ مملکت تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ عالمی برادری کو ہمارے فلسطینی بھائیوں کے خلاف وحشیانہ جارحیت کو روکنا چاہیے۔