لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اور صحیح فیصلے معیشت کو کورونا وباء کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوئے ہیں جس کا ثبوت ایشیائی ترقیاتی بینک کی آئوٹ لک رپورٹ ہے ،ماہانہ اپ ڈیٹ آئوٹ لک رپورٹ کے مطابق ملک میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے، صنعتی اور زرعی پیداوار میں بہتری جبکہ ٹیکس ریونیو اور ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی آئوٹ لک رپورٹ میں واضح کیاہے کہ کورونا وباء کے باوجود پاکستان کی معیشت بحال ہورہی ہے، 2021 میں صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کا امکان ہے جبکہ مینو فیکچرنگ اور تعمیراتی شعبے میں بڑھوتری دکھائی دے رہی ہے ، ریٹیل اور ٹریڈ شعبے کی بحالی سے سروسز سیکٹر میں ترقی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے نوجوانوں کو روزگار فراہمی کے لیے ایس ایم ایز کو سپورٹ کرنے کی تجویز دی ہے جس پر سو فیصد عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جولائی تا مارچ ترسیلات زر 26 فیصد اضافے سے 21.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں،ملکی برآمدات 2.3 فیصد اضافے سے 18.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں ، کرنٹ اکائونٹ بیلنس ایک بار پھر ایک ارب ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا ہے، پہلے 9 ماہ میں ٹیکس ریونیو 10.9 فیصد سے 3395 ارب روپے رہا، پہلے 9 ماہ میں پی ایس ڈی پی کی مد میں 534 ارب خرچ کیے گئے۔مالیاتی خسارہ کم ہو کر 1603 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا، زرعی قرضے 4.6 فیصد اضافے سے 953 ارب کی سطح پر پہنچ گئے۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی معیشت بارے مثبت رپورٹس تعصب میں لتھڑی اپوزیشن کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔