لندن(عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما عابد شیر علی نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کے خلاف برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے ) میں شکایت درج کروادی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے الزام عائد کیا کہ فیصل واڈا کی برطانیہ میں 11 جائیدادیں ہیں لیکن وہ کیسے خریدیں یہ دیکھانے کے لیے کوئی منی ٹریل موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے تمام ثبوت این سے اے کو دیے ہیں جن میں اراضی ریکارڈز، جائیداد کی فوٹیج اور فیصل واڈا کے کاغذات نامزدگی شامل ہیں جس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ پراپرٹیز کیسے خریدی گئیں،
اب یہ نیشنل کرائم ایجنسی پر ہے ۔سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے فیصل واڈا کے خلاف این سی اے سے اس لیے رجوع کیا ہے کیونکہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اراکین کے خلاف کرپشن الزامات لگاتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں قومی احتساب بیورو نیب سے اپیل کرتا ہوں کہ فیصل واڈا کےخلاف تحقیقات کریں اور ثابت کریں کہ وہ میری جماعت کے خلاف قانونی کارروائیوں میں انصاف نہیں کررہے ۔