وائس چانسلر

طلبہ میں پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

مکوانہ (عکس آن لائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ طلبہ میں پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ وہ نوکری کی تلاش کی بجائے انٹر پرینیور بن کر دوسروں کو روزگار فراہم کرنے والے بنیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان سٹارٹ اپ کاروباری مہارتیں سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور معاشی ابتری کی وجہ سے ملازمت کے مواقعوں میں متناسب اضافہ نہیں ہورہا۔ اس صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے طلبہ میں کاروباری مہارتیں اور جدت کو پروان چڑھا کر غربت میں کمی اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک سیکٹر میں جنیاتی بہتری اور زیاد ہ پیداوار کی حامل نسلوں کا حصول ناگزیر ہے تاکہ فی جانور پیداوار میں اضافے سے غذائی استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری کو طلبہ میں کاروباری مہارتیں پیدا کرنے پر سراہا۔ڈین فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری پروفیسر ڈاکٹر قمربلال نے کہا کہ اینیمل ہسبنڈری فیکلٹی تربیت یافتہ افراد ی قوت کی فراہمی اور انڈسٹری کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر لائیورسٹاک کو مضبوط کیے بغیر فوڈ سیکورٹی کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اینیمل اینڈ ڈیری سائنسز ڈاکٹر ریاض ورک نے سمیڈا ٹیم اور آرگنائزنگ کمیٹی کو سیمینار کے انعقاد پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی سیمینار کا انعقاد تسلسل کرتی رہتی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس، ڈاکٹر سبطین احمد، سمیڈا ٹیم ممبران منقوش الرحمان، ڈاکٹر نورین، ڈاکٹر عمران نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں