ملک احمد

صوبے کے عوام کا آئین سے بھلا ہوگا، شور سے نہیں’ اسپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (عکس آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ صوبے کے 12 کروڑ عوام کا آئین سے بھلا ہوگا شور سے نہیں، اگر تنقید سے اسمبلی کا لوگوں کے مسائل کا ادراک ہو سکتا ہے تو پھر تنقید کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صحافیوں کے اعزاز میں پنجاب اسمبلی میں ناشتے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہی نہیں بلکہ معاشرے کا عکس بھی ہے، اہل علم ودانش حضرات ہمارے ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں، میڈیا پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ منفی ذہن کے رجحانات کی حوصلہ شکنی کرے، مشکلات کے باوجود پیشہ ورانہ فرائض کو سر انجام دینے پر صحافیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسمبلی فلورز پر رولز آف پروسیجر کے بغیر بات کرنا چیخنے کے مترادف ہے، صوبے کے بارہ کروڑ لوگوں کا بھلا آئین سے ہوگا شور سے نہیں، جس طرح اسمبلی کے ممبران کا استحقاق ہے، اسی طرح رپورٹرز کا بھی استحقاق ہے، تکلیف کا دور دیکھا جو ڈرائونا خواب رہا ہے، سابق دور میں اسمبلی کے فلور پر پرائیویٹ لوگوں کو بلایا گیا جس کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پبلک کے رویہ پر ڈائیلاگ کرنے کے لیے میڈیا کی ضرورت ہوگی، جو تنقید ہوگی اسے خندہ پیشانی سے برداشت کروں گا،اگر تنقید سے اسمبلی کا لوگوں کے مسائل کا ادراک ہو سکتا ہے تو پھر تنقید کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی ذمہ داری اور ویلفیئر پر اسمبلی کی ضرورت ہوگی تو آپ کے لئے راہ ہموار کرے گی ،مایوسی سے بہتری کی سوچ یا امید رکھی جا سکتی ہے، بطور سپیکر قانون کی بہتر ی کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں